نئی دہلی، یکم اکتوبر (آئی این ایس انڈیا؍ ایس او نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا حج 2019کا اعلان اس مرتبہ ایک مہینہ پہلے ہی کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ کمیٹی نے حج2019کے لئے ریاستی حج کمیٹیاں کے ذریعہ 15اکتوبر سے درخواست فارم بانٹنے کا کام شروع کرنے اور فارم بھر کر جمع کرانے کی آخری تاریخ5نومبر کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ حالانکہ ضرورت پڑنے پر درخواست فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کئے جانے کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔ کمیٹی کی طرف سے 2019کے حج کا باقاعدہ اعلان 12اکتوبر کو کرنے کی کمیٹی کی طرف سے تیاری کی گئی ہے۔ بتادیں کہ حج کمیٹی نے گزشتہ سال یعنی2018کے لئے درخواست فارم 15نومبر سے تقسیم کرنا شروع کیا تھا، لیکن حج2019کی درخواست فارم ایک مہینہ پہلے 15اکتوبر سے ہی تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے فارم تقسیم کرنے کی تاریخ دسمبر اور جنوری کے مہینے میں شروع کی جاتی تھی۔ حج2019کے لئے درخواست فارم ایک مہینہ پہلے شروع کئے جانے کے بارے میں حج کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس سے حج آپریشن کو مقررہ وقت میں پورا کرنے میں کافی آسانی پیدا ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ آپریشن سے جڑے تمام کاموں کو وقت پر پورا کرانے میں مدد بھی ملتی ہے۔